بھٹکل:17/ مارچ (ایس اؤنیوز) آج سنیچر17/ مارچ کو جے ڈی ایس چیف کماراسوامی بھٹکل پہنچ رہے ہیں، جس کے لئے تیاریاں تقریباً مکمل ہوچکی ہیں۔ بھٹکل شمس الدین سرکل پر جے ڈی ایس کے ہرے جھنڈے لہرا تے ہوئے دیکھے گئے ہیں، جبکہ نوائط کالونی، شمس الدین سرکل، اولڈ بس اسٹائنڈ سمیت مختلف ناکوں پر کماراسوامی اور بھٹکل کے جے ڈی ایس لیڈر عنایت اللہ شاہ بندری کے بڑے بڑے ہورڈنگس لگائے گئے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ کماراسوامی صبح قریب 10:30 بجے شرالی شاردا ہولے مندر پہنچ کر پہلے پوجا پاٹ کریں گے، پھر گیارہ بجے مجلس اصلاح و تنظیم بھٹکل میں تنظیم کے اراکین انتظامیہ سمیت اسمبلی حلقہ کی تمام جماعتوں کے ذمہ داران کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔
دوپہر 12:30 بجے وہ انجمن میدان پہنچ کر جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔
اس تعلق سے انجمن میدان میں بڑا اسٹیج سجایا گیا ہے، جس میں کم و بیش دس ہزار لوگوں کے شرکت کی توقع کی جارہی ہے۔ جلسہ عام میں کماراسوامی کے ساتھ ساتھ مدھو بنگارپا، بسوراج ہورٹی، فاروق باوا سمیت دیگر جے ڈی ایس لیڈران کی شرکت متوقع ہے۔
خیال رہے کہ آج جمعہ کو کماراسوامی نے کمٹہ میں عوام الناس سے خطاب کیا تھا۔
